بلی کی مالکن گھر میں اوپر نیچے اندر باہر سارا ڈھونڈ آئی۔۔۔۔ مارفیس گم ….بلکہ گم سم
کسک نہیں رہا چپکے چپکے ٹیبل کے نیچے چھپا دیکھ رہا ہے کہ اسے پکڑنے آئی ہے
پیاری سی مالکن کی پیاری سی تیکھی آواز۔۔۔
“یہ دیکھیں سارا گھر ڈھونڈ لیا کیمو فلاج ہو کر چھپا ہوا ہے ۔۔۔
سفید مارفیس سامنے ہی ٹیبل کے نیچے سفید سے پلاسٹک کے کسی شاپر میں خاموشی سے مالکن پہ نظر رکھے بیٹھا ہے اور پلاسٹک کے شاپر کی سرسراہٹ بھی نہیں ہونے دے رہا جو گھر کے ایک ایک کشن صوفے اور کارپٹس کو ناخنوں سے کھرچ کھرچ کر ادھیڑنے کے مشن پہ لگا رہتا ہے ۔۔۔۔سفید شاپر میں دم سادھے سفید شاپر کا حصہ ہی بنا بیٹھا ہے کہ غور سے دیکھیں تو نظر آتا ہے ورنہ ۔۔۔۔
یہ لکن میٹی ان دونوں کی وقفے وقفے سے چلتی رہتی ہے پینٹنگز کرتے کرتے وہ گھر کے ہر کام سے صاف جواب دے دیتی ہے جو وہ ویسے بھی نہیں کرتی مگر کوئی کچھ پوچھ لے تو پینٹنگ بناتے ہوئے سوال کا جواب بھی نہیں دیتی ۔۔۔۔
اچانک احساس ہو کہ مارفیس اس کے آس پاس نہیں تو سب رنگ برش کینوس جہاں کا تہاں چھوڑ کر اس کی تلاش میں نکل پڑتی ہے کچھ دیر نہ ملے تو باقاعدہ روہانسی ہوکر ماں کی گود میں چلی جاتی ہے
“مارفیس چلا گیا ہے۔۔۔ کوئی بلا اسے کٹ رہا ہوگا “
ماں کی تسلی کے دوران ہی مارفیس کا سراغ کسی نہ کسی کو مل جاتا ہے وہ خوشخبری سناتا ہے
اور مارفیس کی مالکن دوڑ کر اسے پکڑ لاتی ہے چھوٹی چھوٹی جھڑکیاں بھی دیتی ہے چہرے پر ایک دو چپت بھی لگا تی ہے مارفیس پہلے پنجے مارتا ہے پھر اچھا بچہ بن کر اس کے ساتھ لگ جاتا ہے
اس لئے کہ مالکن ‘بلی مما’ کی طرح گردن سے دبوچ کر اسے اوپر لے جائے گی کچھ کھلائے پلائے گی اور کسی ایک جگہ اسے تاڑ دے گی جبکہ وہ دوڑنا بھاگنا۔۔۔ بلکہ گھر سے ہی بھاگ جانے کی پوری کوشش میں ہمہ وقت مصروف رہتا ہے
مالکن اور مارفیس کی شرارتیں اور آنکھ مچولی
عذرا مغل
ہماری پلیٹفارم پر بڑی تعداد میں تصاویر گوگل امیجز اور پیکسلز سے حاصل کی گئی ہیں اور ان کا کاپی رائٹ مالکیت ظاہر نہیں کر سکتی۔ اگر کوئی کاپی رائٹ دعوے ہوں تو ہم فوراً معذرت کے ساتھ تصویر کو ہٹا دیں گے