بہتری کی نوید
نئے سال بہتری کی نوید لانا
میرے غریب بھائی کا بچہ بھوکا نہ سوئے
اس کے ہاتھ میں اسکی پسندیدہ ٹافی
پلاسٹک کا کھلونا بھی ہو تو کیا بات ہے
نئے سال…. بچے نہیں جانتے
کوئی خالی پیٹ کیوں ہوتا ہے
اور کیوں کوئی پیزا برگر کے سوا کچھ نہیں کھاتا
وہ سب چکن کھانا چاہتے ہیں
سبزی اور دال کسی بچے کو پسند نہیں
مگر جب بھوک لگتی ہے تو
بھوک کےستائے ہوئے سوکھی روٹی بھی چبانے لگتے ہیں
میرا کوئی بچہ دائمی بھوک کا شکار نہ ہو
باپ کا چاہے کوئی روزگار بھی ہو
اتنا ضرور ہو کہ
وہ سرد موسم میں گرم کپڑا
اپنے بچے کی پسند کا پیٹ بھر کھانا
ایک محفوظ چھت
اور ایک چھوٹی سی سائیکل اسے لے کر دے سکتا ہو
کیونکہ بچے…. بچوں کی تفریق کو سمجھتے نہیں
ہر بچہ ہر خوشی پہ اپنا حق سمجھتا ہے
اور اگر نہ ملے تو
وہ پھول کھلنے کی بجائے
کمھلانے اور مرجھانے لگتا ہے
میرے بچوں کو مرجھانے نہ دینا
کہ یہی میری کل کائنات ہیں
اے نئے سال
مجھ پہ اور مرے بچوں پہ رحم کرنا….
ہماری پلیٹفارم پر بڑی تعداد میں تصاویر گوگل امیجز اور پیکسلز سے حاصل کی گئی ہیں اور ان کا کاپ رائٹ مالکیت ظاہر نہیں کر سکتی۔ اگر کوئی کاپی رائٹ دعوے ہوں تو ہم فوراً معذرت کے ساتھ تصویر کو ہٹا دیں گے