Waqt
ہم زمین پر موجود ہیں
مگر جیمز ویب نے ایک ستارے کی آنکھ کا پیغام دیا
چودہ ارب سال کی دوری سے
اس نے مجھے کبھی نہیں دیکھا
بلکہ اس نے تو
بابا آدم اور بی بی حوا کو بھی
نہیں دیکھا
ہاں ایک سیارہ
ملکی وے کی گیلیکسی میں
بہت سے دھویں اور بادل کے غبار کے ساتھ
شائید تشکیل پارہا ہے اپنے نو دوسرے
چھوٹے بڑے ساتھیوں کے ساتھ
زندگی
زندگی کیا ہے؟
انسان…
انسان کون ہے؟
جیمز ویب تمہارا موجد ہے کیا وہ !
مگر یہ ہے کیا
اور کون ہے؟
کیا یہ خدا بننے کی کوشش میں ہے
نہیں اس کی اکثریت
ابھی بھی خدا کو مانتی ہے
کہ
ابھی تک کائنات اس کی دسترس میں نہیں
چودہ ارب نوری سالوں کے بعد
کیا جب وہ مجھے نظر آئے گا
وہ خدا بن چکا ہوگا؟
ستارے نے بیتابی سے پوچھا
نہیں تب تک وہ فنا ہوچکا ہوگا
کہ کائناتی وقت کے تناظر میں
وہ ایک نینو سیکنڈ کے نینو نینو نینو
زندگی بھی نہیں رکھتا
وہ چودہ ارب نوری سال سے
جیتا مرتا ستارہ
یہ سن کر
اتنی زور سے ہنسا
کہ پھٹ کر
سپر نووا بن گیا
یعنی کروڑوں ستاروں کا جد امجد
اور میں زمین پہ کھڑے ہوکر
سورج کی طرف دیکھوں تو
مری
آنکھیں چندھیا جاتی ہیں
میری زمین کا جد امجد سورج
جو کائنات کا ایک چھوٹا سا بچہ ہے
وہ میری طرف سے
خدا کو جواب دہ ہے
اور میں
اس قدر نڈر بے باک اور گستاخ کہ
الاماں
عذرا مغل
ہماری پلیٹفارم پر بڑی تعداد میں تصاویر گوگل امیجز اور پیکسلز سے حاصل کی گئی ہیں اور ان کا کاپی رائٹ مالکیت ظاہر نہیں کر سکتی۔ اگر کوئی کاپی رائٹ دعوے ہوں تو ہم فوراً معذرت کے ساتھ تصویر کو ہٹا دیں گے