ریشماں بوڑھی ہوگئی

An Old and Young woman

بچپن میں تو جو امی جی نے پہنا دیا پہن لیا اگرچہ مقدور بھر اچھا ہی پہنایا کھلاناپلانا تو ابوجی کے ہاتھ میں تھا سونے کا نوالہ ہی کھلایا بدلے میں شیرکی نظر سےامی نے دیکھا بہرحال جب آٹھ نو سال کی عمر میں ٹیوبرکلوسس (ٹی بی) سے صحتیاب ہوئی تو جہاں دودھ شکر اور چاول کھانے چھوڑ دیئے گوشت خور ہوگئی ابھی تک مرچیں نہیں کھاتی تھی پاو بھر نمکین مٹن روزانہ بھون کر کھلایا جاتا انڈے لا تعداد کلیجی کا سوپ ہر طرح کا پھل مکھن ملائی دودھ اٹرم پٹرم کہ ڈاکٹر نے کہہ دیا تھا آدھا علاج دوا یے آدھا خوراک ۔۔۔ امی اور باجی نے مجھے کھلا کھلا کر مریل چوہیا سے موٹی تازی شیرنی بنادیا ابو جی نے ابو ظہبی سے پیسوں کی آمدن ڈبل ٹرپل بھجوانی شروع کردی آدھا گھر کا خرچہ آدھا میرا دوا دارو اور خصوصی غذائیں ۔۔۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ گیارہ بارہ سال کی عمر میں سولہ سال کی لگنے لگی بہرحال باقی ساری سہیلیاں بچونگڑیاں تھیں تو میرا بچونگڑا پن بھی قائم تھا خیر علاج سے صحتیاب ہوتے ہیں میری ناز برداری اتنی بڑھی کہ امی جی اور باجی نے اپنے ڈریسنگ کے سارے شوق مجھ پہ پورے کرنے شروع کردیئے کرتے پاجامے فراکیں تو پہلے بھی بنائے جاتے تھے اب شرارے غرارے چوڑی پاجامے فلیپر بیل باٹم گاگلز سب مجھے پہنا کر ماڈل بنایا جاتا ان کی لاسٹ پلاننگ پنجابی فلموں کے لاچے کی تھی میں ذرا پریشان تھی کہ لاچہ پہن کر گلیوں میں دوڑ بھاگ کیسے ہوگی ڈر رہی تھی اس دن سے جب لاچہ پہننا پڑے گا ۔۔۔ پتہ نہیں کیسے انہوں نے ارادہ بدل لیا میرا قد بھی نکل آیا تھا مگر یہ ہوا کہ کچھ فلمیں دیکھ دیکھ کر اور کچھ نت نئی ڈریسنگ کی وجہ سے میرا فیشن سینس ڈیولپ ہوگیا اور ٹین ایج میں جونہی مجھے ذاتی موقع ملا سلیقے اور خوبصورتی سے ڈریسنگ اور فیشن شروع کردیا کبھی بھی اوور نہیں مگر رواج سے کچھ آگے اور سلیقہ مند اور باادب مشرقی ہیروئین ود فٹنگ شرٹس پٹی نما دوپٹے بڑے چھوٹے پائنچے پلیٹ فارم ہیل ۔۔ پھر جس وقت جو فیشن آیا خوب انجوائے کیا بلکہ میرا خیال ہے میرے فیشن کی حس آج تک قائم ہے کہ دوسال بعد آنے والا فیشن گیس کرلیتی ہوں اور دوسال پہلے اس فیشن میں ان ہوجاتی ہوں مگر پھر وہی بات کہ اوور ڈو از ناٹ مائی فیورٹ تھنگ ۔۔اگرچہ فیشن کی اصل تعریف شائید اوور ڈو میں ہی مضمر ہے
بہر حال اب بہت سادہ زندگی گزار رہی ہوں ایزی فیل کرتی ہوں
ایزی ہوم ڈریسز میں میک اپ جیولری سب پیک کردی ہے جو پہلے بھی مناسب حد تک ہی زیر استعمال رہتی تھیں اب عادت یہ ہوگئی ہے جو کپڑا سوئیٹر سامنے ہو وہی ادل بدل کے پہنتی رہتی ہوں سارا موسم غریبنی بنی ۔۔۔ باقی سارا پیک پڑا رہتا ہے
اب بھول رہی ہوں یہ ساری تمہید کیوں باندھی ہے اچھا ہاں یاد آیا
اچھے فیشن اور کپڑوں کی دلدادہ ہونے کے باوجود یہ لکھائی پڑھائی الفا بیٹ حروف تہجی اور حلوے والے ڈریسز پہلے دن سے ہی مجھے اچھے نہیں لگے اور نہ کبھی دل چاہا کہ پہنا جائے ۔۔۔ مولویوں کو جس وجہ سے بھی تکلیف پنہچی ہو مجھے یہ پیٹرن اچھا ہی نہیں لگا کپڑوں پہ کیا خطاطی کرنی اور پہننی ۔۔۔ باقی خواتین کی جو مرضی پہنیں مگر یہ فیشن بہرحال برانڈز کی مارکیٹنگ سٹریٹیجی تو ہوسکتا ہے خوبصورتی سے اتنی ہی دور ہے جتنی مونا لیزاکی پینٹنگ سے خطاطی ۔۔۔ اور زیادہ عرصہ ان نہیں رہے گا دوتین خواتین کو پہنے دیکھ لو تو آوٹ ڈیٹڈ محسوس ہونے لگتا ہے کہ خطاطی میں یکسانیت کے سوا اور ہے کیا چاہے وہ انگلش الفا بیٹ ہو اردو عربی یا عبرانی ۔۔ سو آئی ٹوٹلی ریجیکٹ دس ٹائیپ آف ڈریسنگ ایز آ فیشن آئیکون۔۔۔ہاہاہا۔۔۔
فیشن آئیکون ہاہاہا ۔۔۔
میری مرضی میرا فیشن
میری جوانی میں ساڑھی آوٹ ڈیٹڈ یا ختم ہوگئی تھی پاکستان سے بچپن سے بہت شوق تھا ساڑھی کا ہر نیا سوٹ پانچ گز کپڑا پہلے ساڑھی پہن کر آئینہ دیکھتی تھی پھر سوٹ سلواتی تھی متاثر از شبنم زیبا اور پرانی آنٹیاں ساڑھیاں تھی مگر جوانی میں ساڑھی پہننا اس طرح آوٹ ڈیٹڈ ہوچکا تھا کہ پہنتی تو بہت شوخی لگتی ۔۔۔ شوخا فیشن تو مزاج کا حصہ بنا ہی نہیں اگرچہ چار سال کی عمر میں امی جی کا دوپٹہ ساڑھی پہنے کھڑی ہوں ابوجی نے تصویر بنالی برابر میں دیوار پر جھاڑو ٹکا ہے تو پیاری لگنے کے باوجود جمعدارنی کشنی کی بیٹی لگ رہی ہوں جو ہمیشہ مجھے جیتو ‘کہتی تھی اور اپنے چوزے سے بیٹے کشن کا ہم عمر بتا کر (اور مجھے چڑا کر) روحانی آنند اور شانتی پاتی تھی
بہرکیف ساڑھی پہننے سے حقیقی زندگی میں محروم ہی رہی ۔۔۔ ساڑھی دوبارہ ان ہوئی تو میں کچھ موٹی بھدی اور ناٹی ہوچکی تھی اس لئے جرآت نہ کرسکی ساڑھی سے دل کھٹا کرنے کی ۔۔۔۔
کسی دن مصری ممی والی ملکہ کا فیشن کرنا چاہتی ہوں ۔۔ مگر اس دور کی کوئی مشاطہ اور برینڈ نہیں مل رہا سارے فارمولا بیوٹی سیلونز ہیں ۔۔۔ نہ ایسی کسی دوستانہ تقریب کا دعوت نامہ کہ وہاں جاکر جلوے بکھیروں اور نہ اب وہ جوانی ہے ریشماں بوڑھی ہوگئی ۔۔۔ ملکہ ء ترنم نورجہاں کی طرح ایک دن ساڑھی بھی پہننی ضرور ہے کالج اور اپنے دور کی سب نئی پرانی دوستوں کے ساتھ اور چھانگا مانگا پکنک پہ جانا ہے۔۔۔۔
جو فرینڈز تیار ہیں ساڑھیاں خرید لیں اور بتائیں کس دن چلنا ہے بوڑھیوں کی کیٹ واک کے لئے۔۔۔ہاہاہا

ہماری پلیٹفارم پر بڑی تعداد میں تصاویر گوگل امیجز اور پیکسلز سے حاصل کی گئی ہیں اور ان کا کاپی رائٹ مالکیت ظاہر نہیں کر سکتی۔ اگر کوئی کاپی رائٹ دعوے ہوں تو ہم فوراً معذرت کے ساتھ تصویر کو ہٹا دیں گے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You May Also Like
Mother Language title
Read More

ماں بولی

!پنجابیو پنجابی بولوپنجابی لکھوپنجابی پڑھوایویں تے نئیں میں سکھ لئی سی یار پنجابیماں بولی سی جمدیاں میرے نال…
Read More